کاروار ،13 / جولائی (ایس او نیوز) ملک کی سرحدوں کے تحفظ اور دفاع کو مزید مستحکم بنانے کے مقصد سے تینوں افواج کو ایک ہی کمانڈر کے تحت لانے کے لئے مشترکہ دفاعی نظام "انٹی گریٹیڈ تھیٹر کمانڈ" قائم کیا جا رہا ہے جس میں جئے پور اور لکھنو کے علاوہ کاروار بحری اڈہ بھی شامل ہے جہاں دیش کا پہلا میری ٹائم انٹی گریٹیڈ تھیٹر کمانڈ قائم کیا جا رہا ہے ۔
ملک کی حفاظت اور دفاع کے لئے بحری، برّی اور فضائی افواج میں ہم آہنگی ، ربط و ضبط اور تال میل کے ساتھ ایک ہی کمانڈر کے حکم پر مشترکہ اقدامات اور موثر کارروائی اس انٹی گریٹیڈ تھیٹر کمانڈ کا مقصد ہے ۔ خیال رہے کہ ملک کے دفاع کو مزید مستحکم اور کارگر بنانے کی تجاویز پیش کرنےح کے لئے تشکیل شدہ 'شیکٹکر کمیٹی' نے چین کی سرحد کے لئے نارتھ ، پاکستانی سرحد کے لئے ساوتھ ویسٹرن اور سمندری سرحدوں کے لئے ساوتھ کمانڈ کے طور پر اس طرح کے تین 'انٹی گریٹید کمانڈ' تشکیل دینے کی سفارش کی تھی ۔
اس سلسلے کا پہلا "میری ٹائم انٹی گریٹیڈ تھیٹر کمانڈ" کاروار بحری اڈے میں قائم ہونے کا اعلان آئندہ مہینے یوم آزادی کے موقع پر وزیر اعظم نریندرا مودی کی طرف سے کیا جائے گا ۔